نیپال اردو ٹائمز کی ضرورت کیوں؟ ایڈیٹر کے قلم سے



نیپال اردو ٹائمز

عبدالجبار علیمی نظامی

 

ملک نیپال ایک جمہوری ملک ہے جہاں ہر مذاہب کے لوگ آپسی پیار محبت کے ساتھ اپنے مذہب و ملت کے مطابق زندگی گزارتے ہیں، ملک نیپال  میں مسلمانوں کی اچھی خاصی تعداد  ہے، جو ہندی نیپالی انگریزی کے ساتھ ساتھ  اردو سے بھی آشنا ہیں، ملک  میں علما کی ایک کثیر جماعت  ہے،  مدارس کی کمی نہیں، جلسہ جلوس کی کثرت ہے، لیکن افسوس کا مقام یہ ہے کہ ہماری کوئی بھی خبر باہر نہیں جاتی کیوں کہ ہمارے پاس نہ تو کوئی نیوز چینل ہے نہ کوئی اخبار، اکثر مسلمان ایسے ہیں جن کو نیپالی زبان پر عبور حاصل نہیں جس کی وجہ سے وہ ملک کے حالات کونیپالی اخباروں کے ذریعہ جان نہیں پاتے کہ کیا حکومتی اسکیمیں ہیں؟ کیا ملک میں چل رہا ہے؟ کیا ویکینسیز ہیں؟ تعلیم و تعلم کا ریزرویشن کیا ہے؟ کسی بھی چیز سے ہم واقف نہیں الا ماشاء اللہ۔

 آج ہم موبائل اور سوشل میڈیا کی زنجیر میں جکڑ دئے گئے ہیں ہمیں کسی چیز سے غرض  نہیں، ہم اپنی دنیا میں مست ہیں، حالات ایسے ہیں کہ ہم ایک دوسرے سے اس قدر بے گانہ ہیں کہ ہمیں نہ تو اپنے مدارس کا علم ،نہ ہمارے جلسوں کی کوئی رپورٹ، نہ ہماری فلاحی رفاہی خدمات کا کوئی ذکر نہ کوئی رپورٹ جس کے ذریعہ ہم ایک دوسرے سے آشنا ہوسکیں،جنک پور والے روپندیہی سے اور روپندیہی والے سرلاہی سے،  کاسکی والے کاٹھمانڈو سے اور کپل وستو والے نیپال گنج سے متعارف نہیں ہوپاتے کہ ملک نیپال میں کیا ہورہا ہے؟ کیسے ہورہا ہے؟ مسلمانوں کے کیا حالات ہیں؟ ملک میں ہمارا کیا حق ہے ؟ ہماری تاریخ کیا ہے؟ ہماری پریشانیوں کے کیا کیا اسباب و علل ہیں؟  کچھ بھی خبر نہیں ملتی، انہیں ضرورتوں کو محسوس کرتے ہوئے  نیپال میں اردو زبان کے ذریعہ نیپال اور اقوام عالم کی خبروں کو آپ تک  پہونچانے کی پیش نظر مؤرخ نیپال، مفسر قرآن حضرت حافظ و قاری مفتی محمد رضا مصباحی نقشبندی حفظہ اللہ کے ایماء و اشارے پر نیپال میں اہل سنت و جماعت کی طرف سے  اردو کا پہلا برقی اخبار نکالنے کا فیصلہ کیا گیا،جس کے لیے بہت ساری چیزوں کی ضرورت پیش آئی، نصرت خدا وندی سے ہم  اس منصوبہ کو عملی جامہ پہنانے  کے لئے تیار ہوئے  اور اب یہ آپ  قارئین کی نظروں کے سامنے ہے، ان شا اللہ یہ سلسلہ چلتا رہے گا  ،ہم جانتے ہیں یہ کام بہت مشکل ہے لیکن ہم اپنے رب کی ذات پر بھروسہ رکھتے ہوئے اس کام کا آغاز کر رہے ہیں ، ضرور کامیابی ملے گی۔

قارئین اس کو پڑھیں اور اپنی دعاؤں سے نوازیں ، اور قلم کار و کالم نگار حضرات اپنی تحریروں  سے ہماری امداد کریں

اس طرح سے اردو زبان و بیان کی اہمیت بھی اجاگر ہوگی، اور ہم سب نیپال و اطراف کے خبروں سے باخبر بھی ہوں گے،ہماری کوشش یہی ہو گی کہ یہ  اخبار ایک منفردالمثال بنے۔ ان شا اللہ ۔

 

Comments